مشیر خارجہ نے کہا ہے کہ کشمیر اقوا م متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پاکستان کے ایجنڈے پر سرفہرست ہوگا۔

پاکستان کا بھارت کو کشمیر پر خصوصی مذاکرات کی تجویز دینے کا فیصلہ
12 اگست 2016 (14:46)
0

پاکستان نے بھارت کو کشمیر پر خصوصی مذاکرات کی تجویز دینے کا فیصلہ کیاہے۔آج اسلام آباد میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہاکہ پاکستا ن کے سیکرٹری خارجہ اس ضمن میں بھارتی ہم منصب کو خط لکھیں گے۔ایک سوال پر مشیر خارجہ نے کہاکہ کشمیر اقوا م متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پاکستان کے ایجنڈے پر سرفہرست ہوگا۔
سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو تحریری طور پر آگاہ کیا ہے اور کونسل نے بھارت سے کہا ہے کہ وہ حقائق جاننے کا مشن مقبوضہ کشمیر بھیجنا چاہتی ہے۔پاکستان میں تخریبی سرگرمیوں میں بھارت کے ملوث ہونے سے متعلق مشیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان نے عالمی برادری اوراقوام متحدہ کے ساتھ اس معاملے کے بارے میں ثبوت فراہم کئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اگلے اجلاس میں بھی اس حوالے سے مزید ثبوت پیش کئے جائیںگے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ کوئٹہ حملے میں تحریک طالبان پاکستان کے ایک منحرف دھڑے کے ملوث ہونے کے بھی شواہد ہیں، انہوں نے کہاکہ افغان خفیہ ادارہ این ڈی ایس گروپوں کی بالواسطہ حمایت کررہاہے اوراین ڈی ایس اور بھارتی خفیہ ادارے ''را'' کے درمیان رابطے بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ را کے گرفتار ایجنٹ کل بھوشن یادیو سے تحقیقات کی جارہی ہے کیونکہ وہ اکیلا نہیں تھا بلکہ ایک باقاعدہ نیٹ ورک کے تحت کام کررہا تھا۔
مشیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان کی نیوکلیئر سپلائرز گروپ کے معاملے پر مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔ایک اورسوال پرانہوں نے آئی ایس آئی اور این ڈی ایس کے درمیان قریبی تعاون کیلئے پاکستان اورافغانستان کے مابین معاہدے پر صحیح معنوں میں عملدرآمد پر زوردیا۔