Monday, 25 May 2020, 11:52:43 am
زرعی شعبے میں ہنر مند،غیر ہنرمند محنت کشوں کیلئے وسیع مواقع کی پیشکش کرتے ہیں،یورپی یونین
December 12, 2019

یورپی یونین نے کہا ہے کہ یورپی ممالک زرعی شعبے میں ہنر مند اور غیر ہنر مند محنت کشوں کیلئے وسیع مواقع کی پیشکش کرتے ہیں اور جس سے اس مقصد کیلئے ترقی پذیر ممالک سے قانونی اور محفوظ ترک وطن کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انسداد دہشتگردی کے بارے میں یورپی یونین کونسلر Francois Zablot نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں عالمی ادارہ محنت اور ایک کمیونٹی ویلفئیر آرگنائزیشن میرامان کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ یورپ میں زرعی شعبہ ترقی پذیر ممالک سے بیرون ملک مقیم کارکنوں کو زیادہ اجرت کی پیشکش کرتے ہیں۔

Francois Zablot نے کہا کہ یورپی یونین محفوظ ترک وطن اور بیرون ملک مقیم کارکنوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے میں عالمی ادارہ محنت سے تعاون جاری رکھے گی۔

عالمی ادارہ محنت کی کنٹری پراجیکٹ ڈائریکٹر منور سلطانہ نے اپنے خطاب میں محفوظ اور باضابطہ ترک وطن پر آگاہی پیدا کرکے پاکستان میں منصفانہ بھرتی کو فروغ دینے کیلئے اپنی تنظیم کے اقدامات کو اجاگر کیا۔

میرامان کے ڈائریکٹر منصور شہزاد نے شرکاء کو بیرون ملک کام کرنے والے کارکنوں کے حقوق کے بارے میں لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے اپنی تنظیم کی سرگرمیوں کے بارے میں بتایا۔

انہوں نے کہا کہ تنظیم پنجاب اور خیبرپختونخوا کے پانچ اضلاع میں کامیابی سے آگاہی منصوبے چلارہی ہے۔

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فائونڈیشن محکمہ شماریات اور دیگر متعلقہ سرکاری محکموں کے اعلی عہدیداروں کے علاوہ گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ملتان، بہاولپور، مردان اور صوابی سے مقامی اداروں کے نمائندوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔