Wednesday, 24 April 2024, 06:36:47 pm
پاکستان کا علاقائی تعاون کے فروغ کیلئے سارک سربراہ اجلاس کے جلد انعقاد پر زور
December 12, 2019

پپاکستان نے علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے لئے سارک سربراہ اجلاس کے جلد انعقاد کی خواہش ظاہر کی ہے۔آج اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ ایک کے سوا جنوبی ایشیا کے تمام ممالک سربراہ اجلا س جلد بلانے کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 19 واں سارک سربراہ اجلاس اسلام آباد میں ہوگا اور یہ دیکھنا ہوگا کہ بھارت سارک کے بارے میں کیا پیش رفت چاہتا ہے۔شہریت دینے کے حوالے سے بھارت میں قانون سازی کے بارے میں دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور دوسرے علاقائی ملکوں نے اس کی مذمت کی ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ بھارتی قانون انتہا پسند نظریئے ہندوتوا کا زہر گھولنے اور خطے میں بالادستی کی خواہشات کامظہر ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد فیصل نے کہاکہ مقبوضہ وادی میں مسلسل فوجی محاصرے اور مواصلات کی مکمل بندش کے باعث انسانی حقوق کی صورتحال بدتر ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت عالمی ذرائع اور انسانی حقوق کے مبصرین کو مقبوضہ کشمیر کے دورے کی اجازت دے تاکہ وہ آزادانہ طور پر وہاں صورتحال کا جائزہ لے سکیں۔امریکہ کی طرف سے سابق ایس ایس پی ملیر رائو انوار کو بلیک لسٹ کرنے سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ رائو انوار نے جن جرائم کا ارتکاب کیا ان کے حوالے سے مقدمات زیر سماعت ہیں۔تاہم انہوں نے اس بات پر حیرانگی کا اظہار کیا کہ امریکہ کا محکمہ خزانہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر کسی کو ذمہ دار ٹھہرانے میں ناکام ہوگیا ہے۔

ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان براہ راست مذاکرات کی بحالی کا خیر مقدم کیا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے سعودی عرب کے دورے سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ یہ طے شدہ دورہ تھا جس میں دوطرفہ معاملات اور علاقائی پیش رفت پر توجہ مرکوز کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی اعتماد اور شراکت داری پر مبنی برادرانہ اور دیرینہ تاریخی تعلقات ہیں۔

 

Error
Whoops, looks like something went wrong.