Wednesday, 22 January 2020, 02:24:27 am
کچی بستیوں میں رہنے والوں کو سستے مکانات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم
December 13, 2019

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نادار لوگوں خصوصاً شہروں کی کچی آبادی میں رہنے والوں کو جدید سہولتوں سے آراستہ سستے مکانات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کے روز اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں غیراستعمال شدہ اراضی اور وفاقی حکومت کی ملکیت میں جائیدادوں کے استعمال پر اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ کچی آبادیوں میں کثیرالمنزلہ عمارتوں کی تعمیر سے غرباء کو پناہ گاہ کی فراہمی اور معاشرے کے پسماندہ طبقوں کا مسئلہ حل کرنے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر وزیراعظم کو بتایا گیا کہ مختلف وزارتوں اور محکموں نے جن جائیدادوں اور اراضی کی نشاندہی کی وہ اسلام آباد، کراچی اور لاہور سمیت شہروں کے اہم مقامات پر واقع ہیں اور ان کی قیمت اربوں روپے ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ 32 املاک میں سے 27 مکمل طور پر دستیاب ہیں تاہم باقی املاک سے غیرقانونی قبضہ چھڑانے کے لئے کام شروع کر دیا گیا ہے۔

وزیراعظم کو یہ بھی بتایا گیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور سرمایہ کاروں نے دبئی ایکسپو میں ان قیمتی جائیدادوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔

عمران خان کو بتایا گیا کہ تمام ضروری کارروائیاں مکمل کرنے کے بعد ان جائیدادوں کی نیلامی کے نظام الاوقات جلد وضع کئے جائیں گے تاکہ آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے میں ملک اور بیرون ملک میں تشہیری مہم شروع کی جا سکے۔

وزیراعظم عمران خان نے غیر استعمال شدہ اراضی کو زیر استعمال لانے کیلئے کی گئی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان املاک کو مکمل طور پر بروئے کار لانا اور ان سے حاصل کی گئی رقم کو لوگوں کی فلاح وبہبود کیلئے استعمال کرنا اور ہسپتالوں اور سکولوں سمیت بنیادی سہولیات کی تعمیر حکومت کی پالیسی کا اہم جزو ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایسی تمام اراضی جس کی نشاندہی کی گئی ہو اس کی تفصیلات نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کو دی جائیں تاکہ مناسب اراضی کو کم آمدنی والے گروپوں کیلئے گھروں کی تعمیر میں بروئے کار لایا جاسکے۔

وزیراعظم نے وزارتوں کو ضروری قانون سازی کرنے کی بھی ہدایت کی جس سے ان کی زیر ملکیت اراضی کو عوام کی فلاح وبہبود کیلئے بروئے کار لانے کی راہ ہموار کی جاسکے انہوں نے کہا کہ یہ عمل ایک ہفتے میں مکمل کرکے کابینہ میں پیش کیا جائے۔

وزیراعظم نے یہ ہدایت بھی کی کہ متعلقہ صوبائی حکومتوں کے تعاون سے ان املاک یا غیرقانونی طور پر زیر قبضہ املاک کے نامکمل دستاویزات سے متعلق رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کیا جائے۔

نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی کے چیئرمین نے وزیراعظم کو کم آمدنی والے طبقات کیلئے رہائشی منصوبے کی تکمیل سے متعلق پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔

ادھروزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اسلام آباد میں ایک اجلاس میں وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس اور پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کی تنخواہوں سے متعلق امور کو فوری طور پر نمٹایا جائے تاکہ ملازمین کے مصائب کو موثر طریقے سے حل کیا جاسکے۔