Wednesday, 12 August 2020, 08:49:14 am
ای سی سی کی صحرائی ٹڈی دل کے خطرے سے نمٹنے کیلئے 45کروڑ سے زائد کی گرانٹ کی منظوری
December 12, 2019

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان میں صحرائی ٹڈی دل کے خطرے سے نمٹنے کیلئے 45کروڑ 95لاکھ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی ہے۔

کمیٹی نے اس بارے میں منظوری جمعرات کے روز اسلام آباد میں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کے زیر صدارت اجلاس میں دی۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ ملک کے نو اضلاع ٹڈیوں کے حملوں سے متاثر ہوئے ہیں اور محکمہ جنگلات کو اس خطرے سے نمٹنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے اب تک ایک لاکھ ستر ہزار ہیکٹرز اراضی کی فصلوں کو ٹڈیوں سے پاک کردیا گیا ہے اور وزارت کو روزانہ اس بارے میں تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا جارہا ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کرتارپور راہداری کے تحفظ کیلئے پاکستان رینجرز کے خصوصی ونگ کے قیام کیلئے تیس کروڑ روپے مختص کرنے کی منظوری دی۔

کمیٹی نے پاکستان سنگل ونڈوبل 2019 کو نافذالعمل کرنے کی بھی منظوری دی تاکہ پاکستان میں کاروبار کیلئے سہولت فراہم کی جاسکے سنگل ونڈو آپریشن کے نافذالعمل ہونے کے بعد تجارت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے سے وابستہ تمام فریق درآمد برآمد اور راہداری سے متعلق ریگولیٹری تقاضے پورے کرنے کیلئے ایک مقام پر تمام قوائف جمع کراسکیںگے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گیس ہولڈنگ لمیٹڈ کی جانب سے انٹر سٹیٹ گیس سسٹمز لمیٹڈ کے لئے مزید دو سال تک قرض فراہم کرنے کی سہولت جاری رکھنے کی بھی اجازت دی۔

کمیٹی نے خیبرپختونخو کے تیل وگیس کے پیداواری ضلعوں میں گیس نیٹ ورک کی توسیع اور بحالی کی منظوری دی۔