Thursday, 28 March 2024, 08:00:23 pm
بیرون ملک پاکستانیوں کے 5ارب30 کروڑ ڈالر غیر قانونی اثاثہ جات کا پتہ لگالیا،شہزاد اکبر
November 12, 2018

احتساب کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ اثاثہ جات ریکوری یونٹ نے دس ملکوں  میں 5 ارب تیس کروڑ ڈالر مالیت کے اثاثوں کاپتہ لگایا ہے۔

وہ پیر کے روز اسلام آباد میں میڈیا کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی اور پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ یہ اثاثے منی لانڈرنگ اور جعلی اکاونٹس کے ذریعے بنائے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر ایک بڑی مچھلی کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانچ ہزار جعلی اکاونٹس کے ذریعے ایک ارب تیس کروڑ ڈالر بیرون ملک بھجوائے گئے۔

 شہزاد اکبر نے کہا کہ پاکستان دنیا میں تیسرا ایسا بڑا ملک بن گیا ہے جس کے شہریوں کی دبئی میں جائیدادیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اثاثہ جات ریکوری  یونٹ کی طرف سے دبئی لینڈ اتھارٹیز سمیت دیگر ملکوں سے حاصل کئے گئے اعداد وشمار کی تحقیقات کے بعدعوام کو مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔

 انہوں نے کہا کہ ماضی میں مختلف با اثر افراد کی طرف سے رقم بیرون ملک بھیجنے اور احتساب کے عمل سے بچنے کے لئے اقامہ کا استعمال کیا جاتا تھا۔

 افتخار درانی نے کہا کہ صرف گزشتہ دس سال کے دوران پاکستانیوں کی طرف سے دبئی میں پندرہ ارب ڈالر کی جائیداد خریدی گئی۔ انہوں نے کہا کہ غیرقانونی ذرائع سے حاصل کی گئی رقم کی تلاش کے لئے  اثاثہ جات ریکوری یونٹ دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے۔

فیصل جاوید خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اپنے انتخابی منشور کے مطابق بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے ہر قیمت پر خاتمے کےلئے پرعزم ہے۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.