Saturday, 20 April 2024, 05:37:13 am
وزیراعظم کی تعمیرات کےشعبےکوصنعت قرار دینےکی باضابطہ منظوری
September 12, 2019

وزیراعظم عمران خان نے اصولی طورپر تعمیراتی شعبے کو صنعت قرا ردینے کی باضابطہ منظوری دی ہے۔

وہ جمعرات کے روز اسلام آباد میں تعمیراتی شعبے میں آسان کاروبار کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

وزیراعظم نے کہاکہ حکومت تعمیرات سے متعلق قوانین کو سادہ بنانے اور غیرضروری منظوریوں اور این او سی کی شرط ختم کرنے پرخصوصی زوردے رہی ہے۔

عمران خان نے واضح کیاکہ حکومت نے پہلے ہی بڑے شہروں میں کثیرالمنزلہ عمارتوں کی تعمیر کے سلسلے میں شہری ہوا بازی کے ادارے اور دیگر تنظیموں کی منظوریوں کی شرط پہلے نرم کردی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اراضی کے مسائل حل کرنے کیلئے اراضی عدالتوں کا قیام بھی بہت معاون ثابت ہوگا۔

نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے چیئرمین انور علی حیدر نے وزیراعظم کو پالیسی معاملات، طریقہ کار کو آسان بنانے، غیر ضروری منظوریوں کے خاتمے، حد بندی اور ترقیاتی قواعدوضوابط کی پاسداری اور دوسرے متعلقہ امور طے کرنے کیلئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔

انہوں نے تعمیراتی شعبے میں آسان کاروبار سے متعلق مختصر،وسط اور طویل مدتی لائحہ عمل پیش کیا۔

انہوں نے کہاکہ تعمیراتی صنعت میں شفافیت اورطریقہ کار کو سادہ بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی جارہی ہے۔

چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ سوسائٹی نے کہاکہ پہلے مرحلے میں بڑے شہروں میں زمین کا ریکارڈ ڈیجیٹلائز کیاجائے گا۔

انہوں نے کہا طویل مدتی منصوبے کے تحت زمین کے ریکارڈ کو پورے ملک میں ڈیجیٹلائز کیاجائے گا انہوں نے کہاکہ اس عمل سے زمین کا ریکارڈ اورزمین سے متعلقہ زیادہ تر معاملات کو آن لائن مہیا کرنے کو یقینی بنایاجائے گا ۔

سی ڈی اے کے چیئرمین نے وزیراعظم کو بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں کلائنٹ سروس سنٹر کا اجراء کیاجارہا ہے ۔

انہوں نے کہا اس سروس کو متعارف کرانے سے وفاقی دارالحکومت کے رہائشیوں کو سی ڈی اے سے متعلقہ امور میں سہولت اور بدعنوانی اور دیگر غیرقانونی کاموں کو روکنے میں مدد ملے گی ۔

 

 

Error
Whoops, looks like something went wrong.