Thursday, 12 December 2019, 06:22:49 pm
حکومت نے کشمیر بحران کے حل کیلئے کثیر الجہتی کوششوں کا آغاز کیا ہے،آرمی چیف
August 12, 2019

بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ حکومت نے کشمیر کے بحران کے حل کیلئے مختلف اقدامات کا آغاز کیا ہے ۔وہ پیر کے روزکنٹرول لائن کے دورے کے دوران باغ سیکٹر میں فوج کے جوانوں سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کوحل کرنے کا ہمارا عزم ہماری امن کی خواہش کی طرح پختہ ہے ۔بری فوج کے سربراہ نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹا کر کنٹرول لائن اور پاکستان کی طرف سے مبذول کرنے کی کوششیں کررہا ہے اور اس مقصد کیلئے وہ سب کچھ کرسکتا ہے۔بری فوج کے سربراہ نے کہاکہ ہم بھارت کو جرائم پر پردہ ڈالنے کی ہرگز کوئی موقع نہیں دیںگے جو وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں کررہا ہے ۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ ہمارا مذہب ہمیں امن کا درس دیتا ہے لیکن سچائی کیلئے قربانی دینے اوراس کا ساتھ دینے کا درس بھی دیتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ موجود ہیں خواہ اس میں جتنا بھی وقت لگے اور جتنی بھی کوشش کرنی پڑے ہم اس چیلنج پر پورا اتریں گے ۔ پاک فوج مقبوضہ کشمیر کے اپنے بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کیلئے عیدالاضحی سادگی سے منارہی ہے ۔بری فوج کے سربراہ نے باغ سیکٹر میں فوجی جوانوں کے ساتھ عید گزاری ۔