Monday, 10 August 2020, 04:18:23 am
وزیراطلاعات کا تعمیراتی صنعت سے وابستہ افراد پر نئی پالیسی سے فائدہ اٹھانے پرزور
July 12, 2020

وزیر اطلاعات شبلی فراز نے تعمیرات کی صنعت سے وابستہ افراد پر زور دیاہے کہ وہ اس سال اکتیس دسمبر تک حکومت کی تعمیرات کے حوالے سے نئی پالیسی سے فائدہ اٹھائیں۔
نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی کے چیئرمین ریٹائرڈ لیفٹنینٹ جنرل انور علی حیدر کے ہمراہ اتوار کے روز اسلام آباد میں ایک نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے والے افرا دسے ان کی آمدن کے ذریعے کے بارے میں نہیں پوچھا جائے گا۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ تعمیرات کی صنعت سے متعلق مسائل کے حل کیلئے ایک کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ بنکوں سے قرض لے کر اپنا گھر تعمیر کرنے کے خواہشمند ہیں انہیں کم شرح سود پر قرضے دیئے جائیں گے۔
شبلی فرا ز نے کہا کہ پانچ مرلے کے گھروں پر شرح سود پانچ فیصد اور دس مرلے کے گھروں کیلئے سات فیصد ہوگی۔
انہوں نے کہاحکومت نے بنکوں سے کہا ہے کہ وہ تقریباً تین سو تیس ارب روپے تعمیرات کی صنعت کیلئے مختص کریں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ایک لاکھ مکانات تعمیر کیے جائیں گے۔