Wednesday, 16 October 2019, 08:02:03 am
پاکستان کی اقوام متحدہ کے امن مشنوں کی کارروائیوں میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی
July 12, 2019

اقوام متحدہ میں پاکستان نے دنیا کے شورش زدہ علاقوں میں دیرپا قیام امن کےلئے سلامتی کونسل، عالمی ادارے کے سیکرٹریٹ اور امن مشنوں کےلئے فوجی دستے فراہم کرنے والے ملکوں کے درمیان فعال اور مضبوط اشتراک عمل پر زور دیا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹرملیحہ لودھی نےنیویارک میں سہ فریقی تعاون مضبوط بنانے کے بارے میں سلامتی کونسل کے ایک مباحثے میں اظہارخیال کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی امن کارروائیوں میں پاکستان  کی جانب سے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے ان تعلقات کو مزید بہتر بنانے کےلئے خاص طور پر شورش سے انتہائی متاثرہ حالات اور محدود وسائل کے ساتھ زیادہ سے زیادہ اقدامات کے مطالبے کو پورا کرنے کےلئے سہ جہتی ادارہ جاتی تعاون کی ضرورت پرزور دیا۔

 ملیحہ لودھی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امن مشنوں کو کسی نئے باضابطہ نظام کی ضرورت نہیں ۔

ملیحہ لودھی نے 15 رکنی کونسل کو بتایا کہ پاکستان تقریبا 60 سال سے امن مشنوں کےلئے تسلسل کے ساتھ فوج اور پولیس کے دستے فراہم کررہا ہےاوراس وقت دنیا کے46 ملکوں میں اس کے دو لاکھ سے زائد اہلکار خدمات انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے فوجی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل، انتہائی  تربیت یافتہ، پوری طرح مسلح اور ہرطرح کے حالات کا سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔