Saturday, 20 July 2019, 05:45:34 am
موسمِ برسات کے دوران سیلاب سے بچاؤ کیلئے ضروری انتظامات کر لئے ہیں،فیصل واوڈا
July 12, 2019

آبی وسائل کے وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ حکومت نے رواں موسم برسات کے دوران سیلاب سے بچاؤ کے تمام ضروری انتظامات اور احتیاطی اقدامات کر لئے ہیں۔انہوں نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں مون سون فلڈ کوآرڈینیشن اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے آبپاشی کے صوبائی محکموں کو ہدایت کی کہ دریاؤں کے کناروں اور سیلابی علاقے سے تمام تجاوزات کو ختم کیا جائے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ انڈس کمشنر مشرقی دریاؤں سے سیلابی پانی کے اخراج کے بارے میں روزانہ کی بنیاد پر اعداد و شمار کے حصول کے لئے انڈین کمشنر سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ طاس معاہدے پر عملدرآمد کے لئے باہمی تعاون پر یقین رکھتی ہے اور بھارت سے بھی اسی جذبے کی توقع کرتی ہے۔وفاقی وزیر نے امیدظاہر کی کہ بھارتی حکومت پاکستان کیساتھ سیلاب کے بارے میں معلومات کی فراہمی کی سابقہ روایات کی برقرار رکھے گی تاکہ سیلاب کی ممکنہ خطرات سے قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے اس سال اونچے اور انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کی پیشگوئی کی ہے جس کے لئے اداروں کے درمیان اور بین الصوبائی سطح پر رابطوں کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔