Sunday, 15 September 2019, 10:58:08 pm
وزیرخارجہ کا ہمسایہ ملکوں کیساتھ پرامن تعلقات کے پاکستان کے عزم کا اعادہ
June 12, 2019

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تمام ہمسایہ ملکوں کے ساتھ مساوی بنیاد پر پرامن تعلقات کے قیام کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہاربدھ کے روز اسلام آباد میں غیر ملکی تعلقات پر مشاورتی کونسل کے چھٹے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ خطے میں امن اور استحکام کیلئے پاکستان افغان امن عمل میں اپنا مصالحتی کردار جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اقتصادی استحکام کیلئے موثر حکمت عملی اپنا رہا ہے اور اپنی سفارتکاری کو زیادہ متحرک بنا رہے ہیں۔

اجلاس میں اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس میں وزیراعظم کی شرکت، چین کے نائب صدر کا دورہ پاکستان اور دیگر اہم علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی اظہار خیال کیا گیا۔

وزیرخارجہ نے شرکاء کو او آئی سی کے سربراہ اجلاس میں وزیراعظم کے خطاب کے مندوب اور چین کے نائب صدر کے دورے کے دوران ہونے والے معاہدوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

شرکاء نے وزیراعظم کے او آئی سی سربراہ اجلاس میں خطاب پر ان کو شاندار خراج تحسین پیش کیا جس میں انہوں نے کشمیر اور فلسطین کے مسائل کو عالمی سطح پر موثر انداز میں اجاگر کیا اور توہین رسالتۖ پر واضح موقف اپنایا۔