Wednesday, 26 June 2019, 09:51:37 pm
وزیراعظم ایس سی او اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرینگے
June 12, 2019

وزیراعظم عمران خان شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے 19 ویں اجلاس میں کرغزستان کے صدرSooronbay Jeenbekov کی دعوت پر پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

دو روزہ اجلاس کرغزستان کے شہر بشکیک میں کرغزستان کے صدرSooronbay Jeenbekov کی صدارت میں کل شروع ہوگا۔

ایس سی او رکن اور ابزرور ملکوں کے رہنمائوں کے ساتھ ساتھ اہم بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

وزیراعظم اجلاس سے خطاب کریں گے۔ رہنما مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے معاہدوں پر دستخط کرنے کے علاوہ کئی فیصلوں کی منظوری دیں گے ۔ اس موقع پر وزیراعظم کانفرنس میں شرکت کرنے والے دیگر رہنمائوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

پاکستان 2017ء میں شنگھائی تعاون تنظیم کا رکن بننے کے بعد سے امور خارجہ ، دفاع، قومی سلامتی ، معیشت اور تجارت ، تعلیم ، نوجوانوں اور خواتین کوبااختیار بنانے، انصاف ، زراعت، کھیل وثقافت ، سیاحت اور ذرائع ابلاغ سمیت تنظیم کے مختلف شعبوں میں بھرپور شرکت کررہا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گزشتہ مہینے بشکیک میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کی تھی اور فورم نے ان دستاویزات اور فیصلوں پر غور کرکے ان کو حتمی شکل دی جن پر سربراہان مملکت کی کونسل کے اجلاس میں دستخط کئے جائیں گے۔

سربراہان مملکت کونسل شنگھائی تعاون تنظیم کا اعلیٰ ترین فورم ہے جو ادارے کے لائحہ عمل ، مستقبل کے منصوبوں اور ترجیحات پر غور کرکے ان کا تعین کرتا ہے۔