Sunday, 21 April 2019, 01:19:55 am
پاک سعودیہ دیرینہ تعلقات کی تاریخ اجاگر کرنے کیلئے تصویری نمائش کا افتتاح
February 12, 2019

سینٹ کے چیئرمین محمد صادق سنجرانی نے پاکستان کیلئے سعودی عرب کی معاشی امداد کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ سعودی عرب پہلی مرتبہ پاکستان میں اتنے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کررہا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز اسلام آبادمیں پاک سعودی تعلقات کو اجاگر کرنے کے حوالے سے تصویری نمائش کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اورسینٹ میں قائد ایوان شبلی فراز بھی چیئرمین سینٹ کے ہمراہ تھے۔ نمائش میں سعودی عرب کی طرف سے پاکستان میں مکمل کئے گئے مختلف ترقیاتی منصوبوں کو اجاگر کیا گیاہے۔چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مشترکہ مذہب اور ثقافت کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کو امت مسلمہ کے فائدے کیلئے مل کر کام جاری رکھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بلوچستان میں سعودی سرمایہ کاری پر خوش ہیں کیونکہ اس سے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سعودی عرب کے سفیر نے کہا کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان کے آئندہ دورہ پاکستان کے دوران مفاہمت کی کئی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔