Friday, 26 April 2019, 08:54:05 am
وزیراعظم کا عوام کو غربت سے نکالنے کے حکومتی عزم کا اعادہ
February 12, 2019

وزیراعظم نے حکومت کی جانب سے عوام کو غربت سے نجات دلانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر عوام دوست پالیسیاں وضع کرنے کے عزم کا اعادہ کیاہے۔انہوں یہ بات منگل کی شام اسلام آباد میں ریلوے کے براہ راست ٹریکنگ نظام اور تھل ایکسپریس کے افتتاح کے بعد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وزیراعظم نے کہا کہ نئے پاکستان میں عوام دوست پالیسیاں وضع کر کے لوگوں کو غربت سے نجات دلانا ہماری ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عام آدمی کی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر عملدرآمد کر رہی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے نظام کو چین کے تعاون سے بہتر بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ چین ٹرینوں کے نظام اور اس جیسے دیگر شعبوں کی ترقی میں کئی ممالک سے آگے ہے ہم پاکستان ریلوے کو جدید اور مسافر دوست سروس بنانے کے لئے ریلوے کے شعبے میں ان سے تعاون بھی طلب کرینگے۔انہوں نے کہا کہ مین لائن ون منصوبے پر کام تیز کیا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ سابقہ حکومتوں میں پالیسیاں صرف امیر طبقے کے فائدے کیلئے بنائی جاتی تھیں انہوں نے کہا کہ ماضی میں دولت کی لوٹ مار نے قومی معیشت کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ این آر او کی وجہ سے احتساب کا خوف ختم ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ بدعنوانی اور احتساب سے استثنیٰ کی بدولت ہمارے قرضے چھ ہزار ارب سے 30 ہزار ارب روپے تک پہنچ گئے۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت تمام سطحوں پر اخراجات میں کمی کر رہی ہے اور تمام وزارتوں کو اپنے اخراجات کم سے کم دس فیصد کم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔