Monday, 21 January 2019, 06:00:24 am
سعودی وزیر توانائی تیل صاف کرنے کے مجوزہ کارخانے کی اراضی کے معائنے کیلئے گوادر پہنچے
January 12, 2019

فائل فوٹو

سعودی عرب کے توانائی' صنعت اور معدنیات کے وزیر خالد عبد العزیز الفلیح کی سربراہی میں ایک سعودی وفد تیل صاف کرنے کے مجوزہ کارخانے کے لئے مختص اراضی کا معائنہ کرنے کیلئے ہفتے کے روز گوادر پہنچا۔

آمد پر پٹرولیم کے وزیر غلام سرور خان نے ان کا خیر مقدم کیا۔

اس موقع پر غلام سرور خان نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان شاندار تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تیل صاف کرنے کا جدید کارخانہ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگلے ماہ سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے دوران تیل صاف کرنے کے کارخانے سے متعلق ایک مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے جائیں گے۔