Wednesday, 26 June 2019, 04:38:01 am
کشمیری بھارت کو جموں کشمیر میں آبادی کا تناسب ہرگز تبدیل نہیں کرنے دینگے، میرواعظ
January 12, 2019

مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ کشمیری بھارت کو جموں کشمیر میں آبادی کا تناسب ہرگز تبدیل نہیں کرنے دینگے۔

انہوں نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ بھارت اب نئی سازش کے تحت جموں وکشمیر میں سٹیٹ سبجیکٹ قانون کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان قوانین میں تبدیلی کا جموں وکشمیر کی متنازعہ حیثیت اور کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی تحریک پر براہ راست اثر پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ حریت قیادت اس مذموم بھارتی منصوبے کے حوالے سے پوری طرح چوکس ہے اور اگر مذکورہ قوانین کو منسوخ کرنے کی کوشش کی گئی تو وہ عوامی احتجاجی تحریک کی قیادت کرے گی۔

ادھرجموں میں ضلع راجوری کے علاقے نوشیرہ میںدو دھماکوں میں ایک میجر سمیت دو بھارتی فوجی اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔

ضلع کولگام کے علاقے بہی باغ میں ایک کیمپ میں ایک بھارتی فوجی نے خودکشی کرلی۔

اس واقعے سے جنوری 2007ء سے خودکشی کرنے والے بھارتی فوجی اور پولیس اہلکاروں کی تعداد بڑھ کر419ہوگئی ہے۔

دریں اثناء قابض حکام نے بھارتی وزیر اعطم نریندر مودی کے دورے سے پہلے جموں میں نام نہاد سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں اور علاقے میں 1500اضافی فوجی اور پیراملٹری اہلکار تعینات کر دیئے ہیں۔