Thursday, 27 June 2019, 07:12:59 am
کشمیر کی سرکاری املاک پر تجاوزات کیخلاف سخت کارروائیاں کی جائیں گی،علی امین گنڈاپور
January 12, 2019

امور کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزیر علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ملک میں کشمیر کی سرکاری املاک پر ہر قسم کی تجاوزات کے خلاف سخت کارروائیاں کی جائیں گی۔

انہوں نے ہفتے کے روز اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ان املاک سے آمدنی میں اضافے کیلئے ہر ممکن وسائل کو استعمال کیا جائے گا۔

علی امین گنڈاپور نے کہاکہ ان املاک کی آمدنی کو آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی بہبود کیلئے استعمال کیا جائے گا اور ان کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ لاہور' راولپنڈی' جہلم' سیالکوٹ اور وزیر آباد میں تجارتی مقاصد کیلئے عمارتیں تعمیر کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔

اجلاس میں جلو پارک لاہور کے قریب واقع اراضی پر تھیم پارک کی تعمیر اور شہر میں چوبرجی چوک کے قریب چھہتر کنال اراضی کی فروخت کا جائزہ بھی لیا گیا۔

اجلاس میں لاہور میں اہم مقامات پر تقریباً سات سو دکانوں کا کم کرایہ وصول کرنے پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے فوری طور پر کرائے میں اضافے کا نوٹس جاری کرنے کافیصلہ کیا گیا۔