Wednesday, 19 September 2018, 10:29:06 pm
وزیراعظم کی زیرِ صدارت اجلاس میں اقتصادی راہداری کے تحت جاری منصوبوں کا جائزہ
January 13, 2018

وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے کہاہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت جاری منصوبوں کے ملک کیلئے وسیع ترسماجی واقتصادی فوائد کے تناظر میں ان کی جلد تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے اسلام آباد میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کے بارے میں کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی حکومت کے متعلقہ محکموں کو صوبائی حکومتوں کے ساتھ مسلسل رابطوں کی ہدایت کی تاکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جاسکے۔

اجلاس میں اقتصادی راہداری کے تحت توانائی ،ایم ون منصوبے سمیت سڑکوں اورریلوے کے بنیادی ڈھانچے کے شعبے، کراچی سرکلرریلوے اور ملک کے مختلف حصوں میں خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے منصوبوں میں پیشرفت کاجائزہ لیاگیا۔

بجلی کی وزارت کے سیکرٹری نے اجلاس کو بجلی کے شعبے میں مختلف منصوبوں اور تین سومیگاواٹ کے گوادر بجلی گھر کے قیام سے متعلق بریفنگ دی جس سے گوادر اورملحقہ علاقوں کی بجلی کی ضروریات پوری ہوسکیں گی۔

شاہراہوں کے قومی ادارے کے چیئرمین نے اجلاس کو رائے کوٹ ،تھاکوٹ روڈ اورخضدار بسیمہ روڈ کی تعمیر، ڈیرہ اسماعیل خان ژوب روڈ کی مرمت وبحالی اوردیگر منصوبوں سمیت سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری کے مختلف منصوبوں پر جاری کام کے بارے میں بتایا۔

چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت ملک کے مختلف حصوں میں خصوصی اقتصادی زونز کے قیام پر غوروخوض کرتے ہوئے وزیراعظم نے چین کی متعلقہ کمپنیوں کو ہدایت کی کہ ان زونز کے قیام پر کام کی رفتار تیز کی جائے۔