مزید5کشمیری نوجوان بھارتی بربریت کی بھینٹ چڑھ گئے
11 ستمبر 2016 (19:25)
0

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی میں اتوار کے روز مزید پانچ نوجوانوں کو شہید کردیا جس سے جاری انتفادہ کے دوران شہید ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر چھیانوے ہوگئی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ہندوارہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران چار نوجوانوں کو شہید کردیا گیا جبکہ ایک اور نوجوان سرینگر کے ایک ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔ایک اور واقعے میں جموں کے علاقے پونچھ میں ایک جھڑپ کے دوان بھارتی پولیس کا ایک اہلکار ہلاک اور تین فوجی زخمی ہوگئے۔
ادھر وادی کشمیر میں کلگام، پلوامہ، بڈگام ، اسلام آباد اور اور دیگر اضلاع میں بھارت مخالف احتجاجی مظاہرین پر بھارتی فوج نے پیلٹ اور گولیاں چلاکر سینکڑوں افراد کو زخمی کردیا۔قابض حکام نے آج مسلسل 65ویں روز بھی وادی میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ کرفیو جاری رکھا۔ تاہم جنوبی ، وسطی اور شمالی کشمیر کے مختلف علاقوں میں ہزاروں افراد نے کرفیو اور دیگر پابندیوں کو توڑتے ہوئے آزادی کے حق میں ریلیاں نکالیں ۔ شرکاء نے آزادی کے حق میں اور بھارت مخالف نعرے لگائے جبکہ اس موقع پر پاکستانی پرچم بھی لہرائے گئے۔