عبدالرحمن السدیس نے کہا کہ اسلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں اوردہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں۔

امام کعبہ کا درپیش مشکلات کے سامنے کیلئے اتحاد امت پر زور
11 ستمبر 2016 (17:35)
0

امام کعبہ عبدالرحمان السدیس نے مسجد نمرہ سے اپنے خطبہ حج میں امت مسلمہ پر زور دیا ہے کہ وہ اجتماعی امن واستحکام کیلئے اپنے معمولی اختلافات بالائے طاق رکھ دے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم امہ ایک مشکل وقت سے گزررہی ہے اور وہ صر ف اتحاد کے ذریعے ان مشکلات پر قابو پا سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ مسلمان حکمرانوں کو اپنی ذمہ داریوںکا احساس کرتے ہوئے مشترکہ مسائل حل کرنا ہوں گے۔

امام کعبہ نے کہا کہ دہشت گردی سب سے بڑا مسئلہ ہے انہوںنے کہا کہ اسلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں اوردہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو دہشتگردی سے دور رکھنا اور امت مسلمہ میں اتحادویگانگت پیدا کرنا علماء کرام کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات انصاف وعدل پر مبنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی اور شام میں مسلمان مصائب کا شکار ہیں اور مسلمانوں کی اجتماعی کوششوں سے ہی ان کی مشکلات کم ہوسکتی ہیں۔
شیخ عبدالرحمن السدیس نے کہا کہ حضور اکرم ۖ نے اپنے آخری خطبہ حج میں اسلام کا منشور پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ تمام انسان برابر ہیں اور اللہ تعالیٰ کے نزدیک کسی شخص کی فضیلت کا معیار صرف تقویٰ ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں حاکمیت اعلیٰ صرف اللہ تعالیٰ کی ہے جو ہمیشہ قائم رہے گی۔