ڈی جی پی بی سی شیرازلطیف نے کہاہے کہ زرعی پروگرام کیلئے ایک گھنٹہ وقف کرنا مثبت اقدام ہے ۔

ریڈیوپاکستان کا زرعی شعبے کیلئے زرخیز پاکستان کے نام سے ایک گھنٹے کے پروگرام کا آغاز
11 اکتوبر 2017 (17:51)
0

ریڈیوپاکستان اسلام آباد سٹیشن نے بدھ کو زرعی شعبے کیلئے زرخیز پاکستان کے نام سے ایک گھنٹے کا پروگرام شروع کیا ہے ۔ ریڈیوپاکستان کے ڈائریکٹر جنرل شیراز لطیف نے پروگرام میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ زرعی پروگرام کیلئے ایک گھنٹہ وقف کرنا مثبت اقدام ہے جس کے کاشتکاروں اور زرعی ماہرین پر اچھے اثرات مرتب ہوںگے۔ پروگرام ریڈیوپاکستان کے قومی نشریاتی رابطے پر دن دوبجکر پانچ منٹ سے تین بجے تک ہفتے کے سات روز نشر ہوا کرے گا ۔
قومی زرعی تحقیقاتی مرکز کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹرعظیم نے پہلے پروگرام میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ زراعت ملک کی ریڈھ کی ہڈی ہے لیکن ذرائع ابلاغ پر اسے ایک عرصے سے نظر انداز کیاجارہا ہے ۔انہوں نے زراعت پر ایک گھنٹے کا پروگرام شروع کرنے پر ریڈیوپاکستان کی تعریف کی۔
بارانی زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر رائے ریاض نے ریڈیوپاکستان کی ٹیم کو مبارک باد دی اورکہا کہ اس پروگرام سے کاشتکار طبقے کی نہ صرف معلومات میں اضافہ ہوگا بلکہ موثرتحقیق بھی ہوسکے گی۔
سامعین بھی ان ٹیلی فون نمبرز پرپروگرام میں شریک ہوسکتے ہیں 051-9222740-41-42