نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام ترقی کے دشمنوں کو مسترد کر دیں گے۔

 تعمیر و ترقی کے ایجنڈے کو بھرپور انداز میں آگے بڑھا رہے ہیں:وزیراعظم
11 نومبر 2016 (17:50)
0

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک کی تعمیر و ترقی کے ایجنڈے کو بھرپور انداز میں آگے بڑھا رہی ہے جمعہ کی شام پنڈی بھٹیاں فیصل آباد موٹروے پر سانگلہ ہل انٹر چینج کے افتتاح کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون کی حکومت کا ریکارڈ ہے کہ اس نے عوام سے کیے گئے تمام وعدے خلوص نیت سے پورے کیے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا حکومت اپنے ترقیاتی ایجنڈے پر عمل کر رہی ہے اور بعض عناصر جو ترقی کے مخالف ہیں اس ایجنڈے کو ناکام بنانے پر تلے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ترقی کے دشمنوں کو مسترد کر دیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے ہر ممکن کوششیں کی جارہی ہیں اور تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور توانائی کے متعدد منصوبے زیرِ تکمیل ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کے نرخ کم کرنے کے لیے بھر پور کوششیں کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری خطے میں تبدیلی کا پیش خیمہ ہوگی جس سے پاکستان کی تقدیر بدل جائے گی اور ملک میں غیر معمولی ترقی اور خوشحالی آئے گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ریلوے کے مسائل کی طرف خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اب ادارے نے خاصی ترقی کی ہے ۔ پی آئی اے کو بھی بہتر کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے کراچی میں امن بحال کیا ہے اور اب عوام انسداد دہشتگردی اقدامات کی بدولت امن و سکون سے رہ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان مضبوط اور ترقی یافتہ ہے اور عالمی برادری پاکستان میں ترقی کی تعریف کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کاشتکاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کو اولین ترجیح دے رہا ہے اور انکی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جار رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے سانگلہ ہل کے لیے گیس فراہمی کا اعلان کیا انہوں نے کہا کہ سانگلہ ہل میں یونیورسٹی بنائی جائے گی تاکہ اس شہر کے نوجوانوں کو تعلیم یافتہ کیا جاسکے۔
انہوں نے ننکانہ صاحب میں 250بستروں کے ہسپتال کا بھی اعلان کیا۔
وزیر اعظم نے سانگلہ ہل انٹر چینج سے بٹہ شاہ بہلول تک ایکسپریس وے تعمیر کرنے کا اعلان کیا انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ساھیاں والہ ایکسپریس وے کو سانگلہ ہل تک توسیع دی جائے گی۔