طلباء کے بھارت مخالف مظاہرے جاری،قابض افواج سے شدید جھڑپیں
11 مئی 2017 (19:39)
0

مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر طلباء کے بھارت مخالف مظاہرے آج بھی جاری رہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق طلباء نے نظربند طالب علموں کی رہائی کے لئے اسلام آباد، بارہمولہ ، بڈگام ، کپواڑہ، پلوامہ اور دیگر اضلاع میں اپنے سکولوں اور کالجوں سے باہر آکر سڑکوں پر احتجاج کیا۔
ڈورو، ویری ناگ، سوپور،لنگیٹ ، ٹنگمرگ اور ماگام میں طلباء اور بھارتی فورسز اہلکاروں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں،بھارتی فوجیوں نے طلباء کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولے داغے۔
شوپیان میں بھارتی پولیس کی حراست میں ایک نوجوان کی گمشدگی کے خلاف مکمل ہڑتال کی گئی۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے ایک بیان میں انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت غیر قانونی نظربندی کا نوٹس لیں۔