نوازشریف کا چیچہ وطنی کو براہ راست موٹروے سے ملانے،ویٹرنری یونیورسٹی کا کیمپس قائم کرنے،چار حلقوں میں سوئی گیس فراہمی کا اعلان۔

11 مئی 2017 (18:08)
0

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت عوام کے فائدے کیلئے ترقی اور خوشحالی کے ایجنڈے پر عمل جاری رکھے گی۔

جمعرات کے روز تیسرے پہر چیچہ وطنی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پورا پاکستان ،مسلم لیگ نون کے شروع کردہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات سے بلاامتیاز فائدہ اٹھا رہا ہے۔


نواز شریف نے کہا کہ حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کیلئے متعدد اقدامات کیے ہیں انہوں نے کہا حکومت نے تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا ہے اور بجلی کی قیمت میں خاصی کمی آئی ہے جو اٹھارہ روپے سے کم ہوکر پانچ روپے 25 پیسے فی یونٹ تک آگئی ہے۔
انہوں نے کہا اس طرح یوریا کی قیمت چار ہزار روپے بوری سے کم ہوکر اڑھائی ہزار روپے بوری ہوگئی ہے جس سے کاشتکاروں کو سہولت ہوئی ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ مسلم لیگ نون اپنے مخالفین کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر نہیں بلکہ پرخلوص کوششوں سے ان کی خدمت کرنے پر یقین رکھتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے سابق حکومتوں کی طرف سے ورثے میں ملے توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے بجلی کے کئی منصوبے شروع کیے ہیں انہوں نے کہا کہ اس ماہ ساہیوال کے قریب قادر آباد میں بجلی کے ایک اور منصوبے کا افتتاح کیا جائے گا۔
امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے ملک کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے لئے ٹھوس کوششیں کی ہیں انہوں نے کہا کہ مسلسل فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے اور ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال میں غیر معمولی بہتری آئی ہے۔
نواز شریف نے چیچہ وطنی کو براہ راست موٹروے سے ملانے کا اعلان کیا انہوں نے چیچہ وطنی میں ویٹرنری یونیورسٹی کا کیمپس بھی قائم کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے حلقہ ایک سو باسٹھ میں بجلی کی فراہمی کے لئے دس کروڑ روپے فراہم کرنے کا اعلان کیا، وزیراعظم نے کہاکہ حلقہ 226,225,163,162میں بھی سوئی گیس فراہم کی جائے گی۔