امریکہ میں پاکستان کے سفیر نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن کا خطے کے امن سے براہ راست تعلق ہے ۔

پاکستان ہر طرح کی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے: اعزاز چوہدری
11 مئی 2017 (15:48)
0

امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان ہر طرح کی دہشت گردی کے خاتمے اور اس کے عزائم ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہے اور وہ اپنی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔وہ واشنگٹن میں صحافیوں کے ایک گروپ سے گفتگو کررہے تھے۔ اعزاز چوہدری نے کہا کہ افغانستان میں امن کا خطے کے امن سے براہ راست تعلق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کی بحالی کیلئے تمام فریقوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بے پناہ قربانیوں دی ہیں جن سے اس کی معیشت کو بھی نقصان پہنچایا۔ تاہم کامیاب آپریشن ضرب عضب اور جاری آپریشن ردالفساد سے ملک میں امن بحال ہواہے اور غیرملکی سرمایہ کار ، سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کا رخ کر رہے ہیں۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان کا منفی تشخص قصہ پارینہ بن چکا ہے اور اب عالمی برادری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہ رہی ہے ۔