پاکستان ترکی کو52 سپر مشاق تربیتی طیارے فروخت کرے گا
11 مئی 2017 (09:34)
0

پاکستان اور ترکی نے دفاعی صنعت کے شعبے میں موجودہ تعاون کو تزویراتی شراکت دراری میں تبدیل کرنے کیلئے تین معاہدوں پر دستخط کئے ہیں۔
تیرہویں بین الاقوامی دفاعی صنعتی نمائش کے موقع پر ان معاہدوں پر دستخط کئے گئے جس میں دفاعی پیداوار کے وزیر رانا تنویر حسین اور ترکی کے وزیر دفاع فکری ISIK موجودتھے۔
معاہدوں کے تحت پاکستان ترکی کوباون سپر مشاق تربیتی طیارے فروخت کرے گا۔
دونوں ملکوں نے چار جنگی بحری جہازوں کی تیاری کے منصوبوں کے بارے میں ایک لیٹر آف انٹینٹ پر بھی دستخط کئے ۔
تیسرے معاہدے میں دونوں ملکوں کے درمیان ہوا بازی کے شعبے میں بڑے پیمانے پر تعاون پر زور دیا گیا ہے۔
اس موقع پر رانا تنویرحسین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دفاعی صنعت کے شعبے میں قریبی اور باہمی تعاون سے دونوں ملکوں کو اپنی صلاحیتیں مکمل طورپر بروئے کار لانے میں مدد ملے گی۔
ترکی کے وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان ترکی کا مخلص دوست اور تذویراتی شراکت دار ہے اور دفاعی صنعت کے شعبے میں ان معاہدوں سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔