وزیراعظم کل چین کے دورے پر روانہ ہورہے ہیں
11 مئی 2017 (07:19)
0

وزیراعظم محمد نواز شریف کل چین کے دورے پر روانہ ہورہے ہیں وہ چین کے صدر Xi Jinping کی دعوت پر یہ دورہ کررہے ہیں جہاں وہ بین الاقوامی تعاون کے لئے ایک پٹی ایک سڑک منصوبے کے دو روزہ فورم میں شرکت کریں گے جو اتوار کو بیجنگ میں شروع ہوگا۔

فورم کے پہلے روز وزیراعظم ایک پٹی ایک سڑک منصوبے کے سربراہ اجلاس کی افتتاحی نشست،ا علیٰ سطح کے مذاکرات کے ابتدائی اجلاس اوراستقبالیے میں شرکت کریں گے۔وہ فورم کے دوسرے روز عالمی رہنمائوں کے گول میز اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔
اٹھائیس سربراہان مملکت و حکومت، بین الاقوامی تنظیموں کے پچاس سے زائد رہنما، وزارتی سطح کے ایک سو سے زائد عہدیدار اورمختلف ملکوں او رعلاقوں کے بارہ سو سے زائد نمائندے فورم میں شرکت کریں گے۔
بیجنگ میں اپنے قیام کے دوران وزیراعظم چین کی اعلیٰ قیادت خصوصاً صدر Xi Jinping اور وزیراعظم Li Kaqiang سے اہم ملاقاتیں بھی کریں گے جس سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔
چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان Geng Shuang نے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف کے چین کے دورے اور فورم میں شرکت سے دونوں ملکوں کے درمیان جاری اقتصادی تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔