ناگہانی آفات سے نمٹنے کے قومی اور صوبائی اداروں کی ٹیمیں متاثرہ گائوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں

11 مارچ 2014 (21:53)
0

پاک فوج نے تھرپارکر کے قحط سالی کے شکار لوگوں کے علاج معالجے کے اپنے میڈیکل کیمپوں کی تعداد میں اضافہ کردیا ہے ۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ایک ترجمان نے راولپنڈی میں بتایا ہے کہ مٹھی، اسلام کوٹ DIPLO نگر پارکر CHACHRO اور KHNISER میں میڈیکل کیمپوں کی تعداد بڑھا کر چھ کردی گئی ہے ۔
لیڈی ڈاکٹروں اور ماہرین امراض اطفال سمیت فوج کی میڈیکل ٹیموں نے گزشتہ تین دن میں ساڑھے تین ہزار مریضوں کا علاج کیا ہے ۔ اس کے علاوہ ایک سو ٹن سے زائد راشن بھی تقسیم کیا گیا ہے ۔
وزیراعظم کی ہدایت پر پاک فضائیہ نے تھر کے متاثرین قحط کو امدادی اشیاء ،  ادویات اور کھانے پینے کی اشیاء کی بروقت تقسیم کیلئے ایک ایم آئی سترہ ہیلی کاپٹر حکومت سندھ کے حوالے کیا ہے ۔
پنجاب کے انسانی وسائل کے وزیر راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت تھرپارکر کے عوام کیلئے تمام ممکنہ امداد فراہم کرے گی۔
اُنہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ صوبائی حکومت پہلے ہی امدادی اشیاء کی  دو کھیپ روانہ کرچکی ہے ۔
اُنہوں نے کہا کہ منتخب نمائندے اور مسلم لیگ نون کے کارکن آئندہ تین دن میں امدادی اشیاء لے کر تھر جائیں گے ۔
ہنگامی حالات سے نمٹنے کے قومی ادارے کے چیئرمین میجر جنرل محمد سعید حلیم نے کہا ہے کہ تھر میں مویشیوں کو ویکسین دی جارہی ہے ۔
اسلام آباد میں ایک بیان میں اُنہوں نے کہا کہ امدادی کارروائیوں کے بعد صورتحال بہتر ہورہی ہے ۔
سندھ میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل سید سلیمان شاہ نے کہا ہے کہ قحط سے متاثرہ افراد میں امدادی اشیاء بلا امتیاز تقسیم کی جارہی ہیں ۔
اُنہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے ادارے کی ٹیمیں ہر متاثرہ گائوں میں پہنچ رہی ہیں ۔
اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ آیندہ چند دنوں میں حالات معمول پر آجائیں گے ۔
تھرپارکر کے قحط سالی کے متاثرین کیلئے غیر سرکاری تنظیموں نے امدادی سامان بھیجا ہے ۔
ریڈیوپاکستان حیدر آباد کے نمائندے طارق بلوچ نے کہا ہے کہ خشک دودھ اور دوائوں پر مشتمل پہلی کھیپ مٹھی پہنچ گئی ہے ۔
وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے تھر کے قحط زدہ لوگوںکی دادرسی کے ذمہ دارمحکموں کی ناقص کارکردگی پر ناراضی ظاہر کی ہے ۔
اُنہوں نے اس سلسلے میں تین دن کے اندر رپورٹ طلب کی ہے ۔
اُنہوں نے امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔


X