وفاقی وزیر نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی مکمل رکنیت موثر اور مثبت خارجہ پالیسی کی دلیل ہے۔

File Photo

حکومت نے ملک کو معاشی،سیاسی استحکام کی راہ پر گامزن کر دیا،احسن
11 جون 2017 (20:26)
0

منصوبہ بندی کے وزیراحسن اقبال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ نون کی حکومت نے ملک کو توانائی بحران سے نکالنے کے بعد معاشی اور سیاسی استحکام کے راستے پر گامزن دیا ہے۔

انہوں نے یہ بات اتوار کے روز نارووال میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی موثر اقتصادی اور صنعت دوست پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت تیزی سے ترقی کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا شنگھائی تعاون تنظیم کی مکمل رکنیت کا حصول ایک بہت بڑی کامیابی ہے جو ہماری موثر اور مثبت خارجہ پالیسی کی دلیل ہے۔
ایک انٹرویو میں منصوبہ بندی کے وزیر نے کہا کہ ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کیلئے اس سال انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک لاکھ نوجوانوںکو تربیت دی جائے گی۔
انہوںنے کہا کہ امریکہ پاکستان علمی راہداری کے تحت با صلاحیت نوجوانوں کو وظائف دئیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سال اعلیٰ تعلیم کے شعبے کیلئے 35 ارب50 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جنہیں اگلے سال بڑھا کر50 ارب روپے کردیا جائے گا۔
چین پاکستان اقتصادی راہداری سے متعلق ایک سوال کے ایک جواب میں احسن اقبال نے کہاکہ اقتصادی راہداری کے تحت منصوبوں سے سندھ اور بلوچستان کی سماجی واقتصادی ترقی پر خاطر خواہ مثبت اثرات مرتب ہوںگے کیونکہ اس کے تحت توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے بیشتر منصوبے سندھ اور بلوچستان میں ہیں۔