ان خیالات کا اظہار کوٹ ڈی آئیوری میں او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے 44 ویں اجلاس کے دوران کیا گیا۔

11 جولائی 2017 (20:30)
0

اسلامی تعاون کی تنظیم نے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرے۔
ان خیالات کا اظہار آج کوٹ ڈی آئیوری میں او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے 44 ویں اجلاس کے دوران کیا گیا۔
کونسل نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں جاری خونریزی روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
56 رکنی کونسل کی طرف سے متفقہ طور پر منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ جموں وکشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان بنیادی تنازعہ ہے اور اس تنازعے کا جلد حل جنوبی ایشیاء میں قیام امن کیلئے ناگزیر ہے۔
کونسل نے اپنے حق خودارادیت کیلئے بھارتی مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو دہشتگردی سے جوڑا نہیں جاسکتا۔
کونسل نے بھارتی فورسز کی طرف سے مہلک ہتھیاروں اور پیلٹ گن کے مسلسل استعمال پر افسوس ظاہر کیا کہ جس سے بڑی تعداد میں بے گناہ کشمیری شہید اور نابینا ہوگئے ہیں۔
وزرائے خارجہ نے کشمیریوں اور حریت رہنمائوں کی غیر قانونی نظر بندی پر بھارت کی شدید مذمت کی ۔
انہوں نے اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کو ان کی تاریخی جدوجہد پر خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کی بھارت کی کوششوں پر بھی شدید تشویش ظاہر کی جو کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت بھارت کی ذمہ داریوں اور بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔