وزیر منصوبہ بندی نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور ملک میں بجلی کی قلت پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہو رہی ہے۔

 گوادر کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے:احسن اقبال
11 جولائی 2017 (14:37)
0

منصوبہ بندی کے وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت اقتصادی زونز کا قیام ملک کی ترقی کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطح کے چینی وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی۔اجلاس میں چین پاکستان اقتصادی راہداری اور ساتویں مشترکہ تعاون کمیٹی کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور ملک میں بجلی کی قلت پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہو رہی ہے ۔
منصوبہ بندی کے وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک خطہ ایک شاہراہ اقدام ایشیائی ، یورپی اور افریقی ملکوں کو قریب لائے گا۔انہوں نے کہا کہ گوادر کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس اہم منصوبے کو جلد مکمل کیاجائے گا۔
چینی وفد کے ارکان نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممکن کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے اس سلسلے میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔اپنے چار روزہ دورے کے دوران چینی وفد پاکستانی قیادت ، کاروباری برادری سے ملاقاتیں کرے گا اور اقتصادی زونز کا جائزہ لے گا۔
صوبائی حکومتیں وفد کو خصوصی اقتصادی زونز اور اپنے سرمایہ کاری کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دیں گی۔