File Photo

پاکستان کا امت مسلمہ کے امن اورخوشحالی کیلئے کام کرنے کے عزم کااعادہ
11 جولائی 2017 (06:33)
0

پاکستان نے امت مسلمہ کے امن، ترقی اورخوشحالی کیلئے کام کرنے کے عزم کااعادہ کیا ہے۔ آئیوری کوسٹ کے شہرعابد جان میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے 44 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہاکہ امت مسلمہ کو دوستانہ تعلقات اور باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے اپنی کوششوں کو بڑھانا ہوگا تاکہ امن یکجہتی اورترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ اگر عالمی برادری فلسطین اور کشمیر جیسے دیرینہ مسائل کے حل میں ناکام رہی تو امن اورترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ مشیر خارجہ نے کہاکہ جنوبی ایشیا کا امن واستحکام مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے افغانستان میں پائیدار امن واستحکام کے لئے کوششوں کی حمایت کے سلسلے میں پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
ادھر عابد جان میں اسلامی تعاون تنظیم کی وزرا خارجہ کونسل کے 44 ویں اجلاس کے موقع پر جموں و کشمیر کے بارے میں او آئی سی رابطہ گروپ کا تنظیم کے سیکرٹری جنرل یوسف اے Al o thaimeen کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔
گروپ نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی واضح اور دوٹوک حمایت کا اعادہ کیا اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظلم و ستم کی مذمت کی۔ اجلاس میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کے لئے تنظیم کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا گیا۔