وزیر مملکت نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ ملک سے اس ناسور کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گی۔

 ملک الزامات اور انتشار کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا:مریم اورنگزیب
11 دسمبر 2016 (18:27)
0

اطلاعات ونشریات کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک الزامات اور انتشار کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے یہ بات اتوار کے روز سہ پہر راولپنڈی میں پھولوں کی نمائش کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے دہشتگردی کے خلاف جنگ شروع کرکے پاکستان کو ترقی پسند اور بہتر ملک بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کا بڑی حد تک خاتمہ کردیا گیا ہے اور اس بات کا ثبوت یہ حقائق ہیں کہ لوگ اب بلاخوف وخطر عوامی مقامات اور پارکوں کا رخ کررہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ ملک سے اس ناسور کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گی۔
وزیر مملکت نے کہا کہ مسلم لیگ نون کی حکومت نے جڑواں شہروں کے رہائشیوں کو میٹرو بس کا تحفہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ملک بھر میں کئی ہسپتال قائم کرنے اور کراچی میں میٹرو بس سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت تمام صوبوں میں یکساں رفتار سے ترقیاتی کام یقینی بنا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولیات اور صحت کے بیمہ کی سکیمیں عوامی بہبود کیلئے حکومت کی کوششوں کی عکاس ہیں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ ترقی کا سفر طویل ہے مگر ہم عوام کے روشن مستقبل کیلئے اس راستے پر مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں۔