پاکستان اور روس راہداری تجارت کو بہتر بنانے پرمتفق
11 دسمبر 2016 (09:11)
0

پاکستان اور روس نے تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان رابطوں اور راہداری تجارت کو بہتر بنانے پراتفاق کیاہے۔ یہ اتفاق رائے وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور روس کے وزیر ٹرانسپورٹ Maksim Sokolovکے درمیان ایک ملاقات میں ہوا۔
ملاقات کے دوران انہوں نے ترقی پذیر ملکوں کے درمیان علاقائی روابط، نقل وحمل کے شعبے اور عوام کے عوام سے رابطے کی اہمیت پرتبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر احسن اقبال نے کہاکہ پاکستان خطے میں روابط کو مزید فروغ دینا چاہتاہے۔ انہوں نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ذریعے ملک خطے میں دنیا کی تین ارب آبادی کو متحدکرسکتاہے۔
وزیرنے کہاکہ پاکستا ن خطے میں امن وہم آہنگی کا خواہاں ہے تاکہ اقتصادی تعاون کو فروغ ملے اور ہم روس کے ساتھ تمام شعبوں خصوصاً اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں مضبوط شراکت داری چاہتے ہیں۔
روس کے وزیرMaksim Sokolov نے کہاکہ علاقائی روابط کے حوالے سے ان کا ملک بھی انہی اصولوں پرعمل پیرا ہے۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان مواصلاتی روابط کی اہمیت اور مضبوط تعاون کیلئے تجارتی راہداریوں کی اہمیت پراتفاق کیا۔