وزیراعظم کے معاون خصوصی نے بھارت میں اقلیتوں کے خلاف ریاستی مشینری کے وحشیانہ استعمال کو اجاگر کیااور سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی اشاعت کی شدید مذمت کی۔

بھارتی فوج کے ہاتھوں نہتے شہریوں کی شہادتوں کے واقعات بدترین ریاستی دہشتگردی ہیں : طارق فاطمی
11 اپریل 2017 (15:24)
0

وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں نہتے شہریوں کو شہید کئے جانے کے مسلسل واقعات کو بدترین ریاستی دہشتگردی قرار دیا ہے۔وہ آج اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف احمد Al-Othaimeen سے گفتگو کر رہے تھے۔
سید طارق فاطمی نے بھارت میں اقلیتوں کے خلاف ریاستی مشینری کے وحشیانہ استعمال کو بھی اجاگر کیا۔انہوں نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی اشاعت کی شدید مذمت کی ۔
معاون خصوصی نے بے بنیاد پروپیگنڈے ، تشدد کے استعمال اور اسلام کے پیروکاروں کے خلاف نفرت پھیلانے کے واقعات کے خلاف اجتماعی حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا  طارق فاطمی نے افراد اور ملکوں کی طرف سے آزادی اظہار رائے کی آڑ میں مذموم کارروائیاں کرنے کی کوششوں کو مسترد کیا۔او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے اسلام کے بارے میں منفی تاثر زائل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مسلمان اقلیتوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی روک تھام کے لئے مل کر کام کرنے پر زور دیا۔

ادھرہنگری کے نائب وزیر خارجہ سلوسٹر بس نے بھی آج اسلام آباد میں طارق فاطمی سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔معاون خصوصی نے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مجموعی نوعیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔سلوسٹر بس نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کیلئے وسیع تر مواقع موجود ہیں ۔


comments powered by Disqus