نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور اس نے ہمیشہ دوسرے ملکوں خصوصاً اپنے ہمسایوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات کی پالیسی برقرار رکھی ہے۔

پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی قسم کے خطرات سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں:وزیراعظم
11 اپریل 2017 (12:24)
0

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں ۔وہ آج رسالپور میں اصغر خان پی اے ایف اکیڈمی میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور اس نے ہمیشہ دوسرے ملکوں خصوصاً اپنے ہمسایوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات کی پالیسی برقرار رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تنازعہ کی بجائے تعاون اور باہمی خدشات کی بجائے خوشحالی ہماری پالیسی کا طرہ امتیاز ہے۔نواز شریف نے کہا کہ پرامن بقائے باہمی کی ہماری خواہش کے علاوہ ہم اپنی خودمختاری کے دفاع اور اپنی آزادی کے تحفظ سے غافل نہیں رہ سکتے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائی سے اندرونی سلامتی کے ماحول میں کافی بہتری آئی ہے۔
وزیراعظم نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کے کردار کو سراہا۔اس سے پہلے وزیراعظم نے پریڈ کا معائنہ کیا اور کیڈٹس میں انعامات تقسیم کئے۔