Saturday, 20 April 2024, 04:29:15 pm
پاکستان کاای سی اوکےخطےمیں ترقی کیلئےرابطےبڑھانےپرزور
December 11, 2017

پاکستان نے ای سی او کےخطےمیں ترقی کیلئے رابطے بڑھانے، تجارت کے فروغ اور قریبی تعاون پر زور دیا ہے۔یہ بات منصوبہ بندی وترقی کے وزیر احسن اقبال نےپیرکےروز اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کی ریجنل پلاننگ کونسل کے 28ویں اجلاس کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں اپنے عوام کو عصر حاضر کی ٹیکنالوجیز اور ایجادات کے چیلنج سے عہدہ برا ہونے کیلئے تیار کرنے کیلئے روابط کو فعال بنانا اور کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سیاست، معیشت،سلامتی اور ماحولیاتی شعبوں میں چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے علاقائی اور عالمی تعاون کی ضرورت ہے۔احسن اقبال نے ای سی اوکےرکن ملکوں کےدرمیان زیادہ تجارت اور اس مقصد کیلئے سڑک، ریل اور فضاء کے ذریعے نقل وحمل کے موثرنیٹ ورک کی ترقی پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ رکن ملکوں کے درمیان براہ ر است پروازوں کے علاوہ تاجروں اور عوام کیلئے ویزوں کو آسان بنانے اور تعاون کیلئے بھی اقدامات کئے جانے چاہئیں۔منصوبہ بندی کے وزیر نے TAPI اور کاسا1000 جیسے منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم انہوں نے کہا کہ ای سی او کو توانائی کے شعبوں میں وسیع تعاون کیلئے کام کرنا چاہیے۔اس موقع پر ای سی او کے سیکرٹری جنرل حلیل ابراہیم نے خطے کے عوام کی سماجی اور اقتصادی ترقی کیلئے تنظیم کی طرف سے کئے گئے مختلف اقدامات پر روشنی ڈالی۔انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے آغازکو سراہا اور خطے میں سیاحت کو فروغ دینے پر زور دیا۔

بعد میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بجلی قلت پر قابو پالیا ہے اور دہشت گردی کو شکست دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم بلند ترین شرح نمو کا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور رواں مالی سال کیلئے ہمارا ہدف 6 فیصد ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وسط ایشیا ئی ریاستوں نے گوادر کی بندرگاہ کے ذریعے تجارت کیلئے چین پاکستان اقتصادی راہداری میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔

اُدھر ریڈیوپاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ کے چینل سے باتیں کرتے ہوئے منصوبہ بندی کے وزیر احسن اقبال نے کہا کہ یونیورسٹی آف سنٹرل ایشیا اینڈ پاکستان آئندہ سال سے اسلام آباد میں کام کاآغاز کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ عالمی معیار کی اس یونیورسٹی میں وسطی ایشیائی ریاستوں اور چین سے طلبا کو داخلے کےلئے دعوت دی جائے گی جس سے اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

احسن اقبال نے کہا کہ علاقائی روابط کو بہتر بنانے کے لئے دو راہداریاں جن میں ایک پشاور سے کابل اور دوسری کوئٹہ سے ہرات تک تعمیر کی جارہی ہیں۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.