Monday, 10 December 2018, 11:07:50 pm
وفاقی کابینہ کی وزارتِ داخلہ کو ای سی ایل میں شامل بیگناہ افراد کے نام خارج کرنے کی ہدایت
October 11, 2018

حکومت نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ پرنظر ثانی کرے اور اس میں شامل بے قصور افراد کے نام ہٹائے ۔ جمعرات کی سہ پہر اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں کابینہ کے اجلاس کے بعد  وزیراطلاعات چودھری فواد حسین نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تین ہزار سے زائد افراد کے نام ای سی ایل پر ہیں اور وہ سب قصور وار نہیں ہیں۔وفاقی وزیر نے کہاکہ کابینہ نے وزیراعظم کے نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کے طریقہ کار اور لائحہ عمل پر تفصیلی غور خوض کیا ۔انہوں نے کہایہ فیصلہ کیاگیا ہے کہ سرکاری زمین بنکوں کے زیر اختیار ہو گی جس پر لوگ اپنے گھر تعمیر کریںگے۔چودھری فواد نے کہاکہ ہم نے قبضہ مافیا سے ہزاروں کنال اراضی واگزارکرائی ہے جو اس مقصد کیلئے استعمال کی جائے گی اور بعض سرکاری محکموں کی اراضی بھی استعمال میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے منشور کے مطابق عوام کیلئے پچاس لاکھ گھر تعمیر کرنے کی غرض سے اپنا گھر اتھارٹی دوماہ میں کام کرنا شروع کردے گی ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ کابینہ نے پی آئی اے کے امور کی نگرانی کیلئے ائیر وائس مارشل ارشد خان کو ادارے کا سربراہ مقررکیا ۔ انہوں نے کہاکہ پی آئی اے پر چار سوچھ ار ب روپے کے قرضے کا بوجھ ہے اور ماہانہ دو ارب روپے کا آپریشنل خسارہ بھی ہورہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پی آئی اے کے نئے سی ای او کی تقرری کیلئے ذرائع ابلاغ میں اشتہار دیا جاچکا ہے   وزیراطلاعات نے کہاکہ پی آئی اے کی تنظیم نو کا منصوبہ بھی وزیر خزانہ کو بھجوادیاگیا ہے۔