پاکستان نے اقوا م متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریز کی ایک نئی رپورٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے نظام میں اصلاحات ناگزیر ہیں،رپورٹ میں مستقبل میں عالمی تعاون کے بارے میں سیکرٹری جنرل کے نصب العین کا احاطہ کیا گیا ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے آج (ہفتہ) نیو یارک میں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں کہا کہ ہمیں متعدد تضادات اور تنازعات کا سامنا ہے جن کیلئے قیادت کی سطح پر توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا ان اقدامات کے بغیر ایسے دیرینہ تضادات اورتنازعات کا تصفیہ مشکل ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت عالمی سطح پر ہتھیاروں کی دوڑ شروع ہورہی ہے جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں جس کیلئے عالمی سطح اور اقوام متحدہ کی سطح پر سیاسی توجہ اور سیاسی اقدامات کی ضرورت ہے۔منیر اکرم نے کہا کہ ہمیں اقوام متحدہ کے نظم و نسق کا نظام سلامتی کونسل، جنرل اسمبلی اور اقتصادی و سماجی کونسل کے نظام میں اصلاحات لانا ہوں گی۔