Friday, 19 April 2024, 02:29:43 pm
سوپورمیں بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی،کشمیری نوجوان شہید
September 11, 2019

 مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج سوپور میں ایک نوجوان کو شہید کر دیاجبکہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ علاقے کا محاصرہ  38ویں روز بھی جاری رہا۔

آصف مقبول نامی نوجوان ایک کار میں سفر کر رہا تھا کہ بھارتی فوجیوں نے اسکی گاڑی پر گولیاں چلائیں جسکے نتیجے میں وہ شہید ہو گیا۔

دریں اثنا پوری وادی کشمیر اور جموں خطے کی وادی چناب میں آج مسلسل 38ویں روز بھی کر فیو او ر پابندیاں برقراراور ذرائع ابلاغ کی معطلی کا سلسلہ جاری رہا۔ دکانیں اور کاروباری مراکز بند جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد ورفت معطل ہے۔ 5اگست کو کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد سے مقبوضہ وادی بھارتی فورسز کے سخت محاصرے میں ہے۔ موبائل فون، لینڈ لائن اور انٹرنیٹ سروسز معطل ہیں جس کی وجہ سے صحافیوں، طلباء ،تاجر وں اور مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

لوگوں کو بچوں کی غذا، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر بنیادی اشیائے ضروریہ کی سخت قلت کا سامنا ہے او ر مقبوضہ وادی شدیدانسانی بحران سے دوچار ہے۔

ادھرجموں خطے کے دو مسلمان رہنمائوں محمد حنیف کالس اور اشاد احمد ملک نے چناب والی کے اپنے حالیہ دورہ کے بعد جموں میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ علاقے میں ہر طرف بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعیناتی نے وادی کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔

بھارتیہ جنتاپارٹی کے رہنما اور سابق بھارتی وزیر اننت کمار ہیگڑے نے سماجی رابطوں کی سائٹ 'ٹویٹر' پر جاری ایک پیغام میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر بطور احتجاج سول سروس سے مستعفی ہونیوالے سسی کانت سینتھل کو دھمکی دی ہے کہ وہ پاکستان چلے جائیں۔سسی کانت نے چھ ستمبر کو یہ کہہ کر استعفا دیا تھا کہ نریندر مودی اپنے اقدام کے ذریعے جمہوری اصولوں کو کھوکھلا کر رہے ہیں۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.