Friday, 20 September 2019, 10:50:03 am
وزیراعظم کی اقتصادی زون ترجیحی بنیادوں پر قائم کرنے کی ہدایت
September 11, 2019

وزیراعظم عمران خان نے اقتصادی زون ترجیحی بنیادوں پر قائم کرنے اور اس سلسلے میں رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کے درمیان باہمی روابط اور تعاون کی ہدایت کی ہے۔

وہ بدھ کے روز اسلام آباد میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں خصوصی اقتصادی زونز کے قیام پراب تک کی پیشرفت سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی زون کی تکمیل سے کاروباری برادری کو کاروبار کرنے میں مزید سہولت میسر آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں میں تیزی سے نہ صرف ملکی معیشت مستحکم ہو گی بلکہ نوجوانوں کے لئے ملازمتوں کے مواقع بھی پیدا ہونگے۔انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد کا کام رواں سال کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا جبکہ قائداعظم Apparel پارک اور بہاولپور انڈسٹریل سٹیٹ منصوبے اگلے سال مارچ تک مکمل کر لئے جائیں گے۔انہیں بتایا گیا کہ رشکئی اقتصادی زون اگلے سال جون تک مکمل کر لیا جائیگا ۔

عمران خان کو بتایا گیا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں نئے کاروباری زونز کے قیام سے لاکھوں نوجوانوں کیلئے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہونگے۔

اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کیلئے کاٹیج بزنس اور ریذیڈنٹ پارکس قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں چھوٹے اور بڑے کاروبار کو فروغ دینے کے لئے پنجاب کے دس اضلاع میں کاٹیج بزنس پارکس قائم کئے جائیں گے۔

عمران خان کو پنجاب میں ہیلتھ سٹی جیسے مختلف شعبوں کے لئے خصوصی زونز کے قیام پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ انہوں نے اپنے تجارتی مشیر کو ہسپتالوں میں استعمال ہونیوالی مشینری اور سامان کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ دینے پر ایک تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔