Saturday, 20 April 2024, 12:29:09 am
ممتاز حریت رہنما شیخ عبدالعزیز کا یوم شہادت
August 11, 2018

مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنمائوںنے ممتاز آزادی پسند رہنما شیخ عبدالعزیز کو ان کے یوم شہادت کے موقع پر آج شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے مشن کو ہرقیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

بھارتی فوجیوں نے شیخ عبدالعزیز کو 11اگست2008کو اس وقت گولی مار کر شہید کر دیا تھا جب وہ جموں کے ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے مقبوضہ وادی کے معاشی بائیکاٹ کے خلاف سرینگر سے کنٹرول لائن کی طرف ایک مارچ کی قیادت کر رہے تھے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے جنہیں قابض انتظامیہ نے گھر میں نظر بند کر رکھا ہے ، سرینگر میں حریت ہیڈکوارٹرز پر منعقدہ ایک کانفرنس سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے شیخ عبدالعزیز کو ایک دور اندیش سیاسی رہنما اور جری کمانڈر قرار دیا جنہوں نے بھارتی فوجی طاقت کے آگے جھکنے کے بجائے سینے پر گولی کھانے کو ترجیح دی۔

حریت رہنمائوں شبیر احمد ڈار، محمد مصدق عادل، جاوید احمد میر اور امتیاز احمد ریشی سمیت لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے مزار شہداء عید گاہ سرینگر جاکر شیخ عبدالعزیز اور دیگر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور انکی قبروں پر فاتحہ خوانی کی۔

کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے زیر اہتمام آج اسلام آباد میں منعقدہ ایک سیمینار کے مقررین نے کہا کہ شیخ عبدالعزیر سمیت کشمیری شہداء کی قربانیوں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مرکز نگاہ بنادیا ہے ۔ انہوںنے افسوس کاا ظہار کیا کہ بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو فوجی طاقت سے دبانے میں ناکامی کے بعد اب جموںوکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی سازش کررہا ہے۔

بھارتی فورسز اہلکاروں کے ہاتھوں نوجوانوں کی شہادت اور گرفتاری پر ضلع کپوارہ کے علاقے لنگیٹ اور ضلع پلوامہ کے قصبے ترال میں مکمل ہڑتال کی گئی۔

سید علی گیلانی ،میرواعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے 15 اگست کو بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طورپر منانے اور اس دن مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کرنے کی اپیل کی ہے۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.