Thursday, 19 September 2019, 05:02:55 am
صادق آباد،حسن ابدال کے قریب ریل اور بس حادثات میں 34افراد جاں بحق
July 11, 2019

صادق آباد کے نواحی علاقے ولہارمیں آج (جمعرات) صبح کوئٹہ جانے والی اکبرایکسپریس ایک مال گاڑی سے ٹکراگئی جس کے باعث کم سے کم گیارہ افرادجاں بحق اور ساٹھ سے زائد زخمی ہوگئے۔

ڈی پی اورحیم یارخان عمرسلامت کے مطابق امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ لاشیں نکالنے کے لئے ہائیڈرولک کٹرمنگوایاگیاہے۔زخمیوں کوصادق آباد اوررحیم یارخان ہسپتالوں میں منتقل کردیاگیاہے جہاں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔رحیم یارخان کے ڈپٹی کمشنرنے متاثر ہ خاندانوں کوضروری معلومات کی فراہمی کے لئے ایک کنٹرول روم قائم کیاہے ،جس سے اِن نمبروں پررابطہ کیاجاسکتاہے۔9230109-068اور9402579-0300

ادھرپاکستان ریلوے نے بھی آج صبح صادق آباد کے قریب اکبر ایکسپریس ٹرین کے حادثے میں جاں بحق یا زخمی ہونے والے افراد کے عزیز و اقارب کو معلومات کی فراہمی کیلئے سکھر ڈویژن میں انفارمیشن سیل قائم کیا ہے۔ پاکستان ریلوے کے ترجمان کے مطابق عوام ٹیلی فون نمبر 0719310087 اور03333993999 پر ابطہ کرکے مسافروں سے متعلق معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

 

 صدرعارف علوی اوروزیراعظم عمران خان نے صادق آباد کے قریب ٹرین کے حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصا ن پرگہرے دکھ اورافسوس کااظہارکیاہے۔

انہوں نے اپنے الگ الگ پیغامات میں زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم عمرا ن خان نے ایک ٹویٹ میں وزیرریلوے سے کہاکہ کئی عشروں سے نظرانداز کئے گئے ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور مسافروں کی حفاظت کامعیاریقینی بنانے کے لئے ہنگامی اقدامات کریں۔ادھرریلوے کے وزیر شیخ رشید نے کہاکہ حادثے کی تحقیقات کاحکم دیدیاگیاہے۔اطلاعات اورنشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے بھی ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پردکھ اورافسوس ظاہر کیا۔

ادھر موٹروے پرحسن ابدال کے قریب Brhama انٹرچینج پرآج صبح ایک تیز رفتار مسافربس الٹنے سے تیرہ افرادجا ں بحق اورچونتیس زخمی ہوگئے۔بس سوات سے لاہورجارہی تھی۔زخمیو ں کو حسن ابدال ،ٹیکسلااورواہ کینٹ کے ہسپتالوں میںمنتقل کردیاگیاہے۔