Sunday, 15 September 2019, 10:57:47 pm
حکومت پائیدار اقتصادی ترقی کیلئے برآمدی صنعتوں کے فروغ پر توجہ دے رہی ہے،خسرو
July 11, 2019

منصوبہ بندی کے وزیر مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ حکومت پائیدار اقتصادی ترقی کے لئے برآمدی صنعتوں اور متبادل درآمدی سامان تیار کرنے والی صنعتوں کے فروغ پر توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں چین کے کاروباری وفد کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان میں برآمدی صنعتوں کی منتقلی اور مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبہ شروع کر کے پاکستان ک برآمدات بڑھانے میں مدد کر سکتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے مختلف شعبوں میں غیرملکی سرمایہ کاری کی ترغیب کیلئے آزادانہ سرمایہ کاری کی پالیسیوں کی پیشکش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کار مشترکہ منصوبوں کے ذریعے مقامی برآمدی صنعتوں کی استعدادکار سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔مخدوم خسرو بختیار نے چین کے تاجروں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان کی طرف سے دی گئی مراعات سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔چین کے تجارتی وفد نے ابتدائی مرحلے میں مختلف شعبوں میں تقریباً ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے گاڑیوں ، ٹیکسٹائل، زراعت سے وابستہ صنعتوں، آئی ٹی اور ٹیلی کام کی صنعتوں سمیت پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔