Tuesday, 26 March 2019, 04:49:59 am
سپیکر قومی اسمبلی کاحزب اختلاف پر قانون سازی میں کردار ادا کرنے پر زور
January 11, 2019

قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے حزب اختلاف پر زور دیا ہے کہ وہ قانون سازی میں اپنا کردار ادا کرے۔ جمعہ کے روز اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے ماحول کو سازگار بنانا اور اس کا وقار قائم رکھنا حکومت اور حزب اختلاف کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے پارلیمنٹ کا نظام خوش اسلوبی سے چلانے کے لئے پارلیمانی اقدار کو سربلند رکھنے' باہمی احترام اور ایک دوسرے کے لئے رواداری پر زور دیا۔سید خورشید شاہ نے اسمبلی میں سپیکر کے غیر جانبدار کردار کو سراہااور قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل میں اپنی پارٹی کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔اجلاس کے دوران قائمہ کمیٹیوں کے قیام' قانون سازی اور پارلیمانی امور سے متعلق معاملات پر بھی غور ہوا۔