Thursday, 13 December 2018, 04:04:29 am
غیر ملکی سرمایہ کاری کو قانونی تحفظ دینے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں،راجہ فاروق
January 11, 2018

 آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر میں غیرملکی سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاری کو قانونی تحفظ دینے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ نون برطانیہ اور آزادکشمیر کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ  آزادکشمیر میں سیاحت ، پن بجلی، معدنیات اورمواصلات کے شعبوں میں وسیع مواقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ ون ونڈوآپریشن کے تحت ملک اور بیرون ملک کے سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولت فراہم کی جائے گی ۔انہوں نے بیرون ملک مقیم کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ عوام کی سماجی واقتصادی حالت بہتربنانے کیلئے آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کریں ۔راجہ فاروق حیدرخان نے کہاکہ حکومت عوامی بہبود کے منصوبوں پرترقیاتی فنڈز کوشفافیت سے خرچ کررہی ہے ۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں پرامن مظاہرین پر بھارتی فوج کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کی  شدید مذمت کی ۔آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم نے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے اپیل کی کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے ۔ادھر راجہ فاروق حیدرخان نے تمام ضلعوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ملک میں ٹریفک کے مسائل کے حل کا منصوبہ تیارکیاجائے ۔انہوں نے انتظامیہ کو مظفرآباد میں انسداد تجاوزات کی کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی۔