ریڈیو پاکستان نے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے خصوصی پروگرام نشر کئے۔

 بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی 69 ویں برسی
10 ستمبر 2017 (20:38)
0

بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا 69واں یوم وفات پیر کے روز منایا گیا۔
اس موقع پر اپنے پیغامات میں صدر ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان کو قائداعظم کے تصور کے مطابق آزادی، عظمت اور احترام کاگہوارہ بنانے کی کوششیں جاری رکھنے پر زوردیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ قائداعظم نے اپنی سحر انگیز اور دانشمندانہ قیادت کے ذریعے تمام دنیا خصوصاً جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کو بیدار کیا۔صدرنے کہاکہ پاکستان سماجی، اقتصادی اور سیاسی شعبوں میں ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے اور آج کے دن ہمیں اس عہد کااعادہ کرنا چاہیے کہ ہم اپنی تمام ترانفرادی اور اجتماعی توانائیاں ملکی ترقی کے لئے وقف کریں گے۔

قائد کے مزار پر آج صبح پر قرآن خوانی اورفاتحہ خوانی کی گئی جس میں گورنر سندھ محمد زبیر اور وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
پروگرام کے مطابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے بھی مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
مختلف تعلیمی ادارے ، سیاسی ، سماجی اور ثقافتی تنظیمیں برصغیر کے مسلمانوں کے لئے آزاد وطن کے حصول کے لئے قائد اعظم محمد علی جناح کی جدوجہد اور ان کی شخصیت پر روشنی ڈالنے کے لئے تقریبات کا انعقاد کیا۔

ریڈیو پاکستان نے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے خصوصی پروگرام نشر کئے۔

بعد میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے گورنر اور وزیراعلیٰ نے کہا کہ قوم خصوصاً سیاسی رہنماؤں کو ملک کی ترقی کے لئے قائد اعظم محمد علی جناح کے تصورات کی پیروی کرنی چاہئیے۔

گورنر نے کہا کہ قائد اعظم کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہی ملک کی خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں اتحاد کے ساتھ تمام مسائل کا سامنا اور انہیں حل کرنا ہو گا۔