ڈی جی آئی ایس پی آر نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وضاحت کی کہ 29اپریل کو جاری کیا گیا ٹویٹ کسی سرکاری دفتر یا شخص کے لئے نہیں تھا۔

File Photo

فوج کا جمہوریت کے استحکام کیلئے حکومت کیساتھ ملکر کام کرنے کا عزم
10 مئی 2017 (19:23)
0

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاک فوج نے ملک میں جمہوریت اور ترقی کے عمل کے استحکام کیلئے حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم کررکھا ہے۔
بدھ کی سہ پہر راولپنڈی میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وضاحت کی کہ گزشتہ مہینے کی 29تاریخ کو جاری کیا گیا ٹویٹ کسی سرکاری دفتر یا شخص کیلئے نہیں تھا اور وزارت داخلہ کی طرف سے نوٹیفیکشن کے اجراء کے بعد یہ مسئلہ حل ہوگیا ہے۔
انہوں نے مسلے کے حل اور غلط فہمیاں دور کرنے کیلئے حکومت کی کوششوں کی تعریف کی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ سرحدی نظم ونسق سمیت تمام مسائل کا حل چاہتاہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے چمن میں افغان فورسز کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ایک افسوسناک واقعہ تھا اور پاکستان نے اپنے دفاع میں افغانستان کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔
انہوں نے کہاکہ افغانستان پاکستان کا برادر ملک ہے اور اسے سرحد کے ساتھ مردم شماری کے عمل کے بارے میں پہلے ہی آگاہ کردیا گیا تھا۔
پاکستانی فوجیوں کی طرف سے بھارتی فوجیوں کی لاشیں مسخ کرنے کے بارے میں بھارت کا الزام مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج اعلی پیشہ وارانہ صلاحیت کی حامل ہے اور وہ کسی بھی فوجی کی بے حرمتی نہیں کرسکتی خواہ اسکا تعلق بھارت سے ہو۔
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان نے کنٹرول لائن پر امن برقرار رکھنے کا عزم کررکھا ہے اور وہ بھارت سے بھی ایسی ہی توقع رکھتاہے۔