یہ یقین دہانی اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور امریکی نائب وزیر خارجہ ولیم برنز کی ملاقات کے موقع پر کرائی گئی۔

امریکہ کی پاکستان کو مختلف شعبوں کی ترقی کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی
10 مئی 2014 (11:13)
0

امریکہ نے پاکستان کو توانائی زراعت، تعلیم اور صحت کے شعبوں کی ترقی کیلئے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔یہ یقین دہانی اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور امریکی نائب وزیر خارجہ ولیم برنز کی ملاقات کے موقع پر کرائی گئی۔


موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کرتے ہوئے امریکی عہدیدار نے کہا کہ پاکستانی معیشت اب درست سمت میں ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت نے جامع توانائی پالیسی کے تحت توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے جس میں متبادل اور سستی توانائی کے ذرائع پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔


وفاقی وزیر نے توقع ظاہر کی کہ امریکہ پاکستان کے اتحادی امدادی فنڈ کی واجب الادا رقوم کی جلد ادائیگی کرے گا۔

 

امریکی نائب وزیر خارجہ ولیم برنز نے اسلام آباد میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے بھی ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وفاقی وزیر نے دو ہزار چودہ کے بعد علاقائی صورتحال کے تناظر میں پاک امریکہ تعلقات میں وسیع تر رابطے اور تعاون پرزور دیا۔


انہوں نے کہا کہ ایک مستحکم اور پر امن افغانستان بین الاقوامی برادری خاص طورپر پاکستان کے مفاد میں ہے۔وزیر نے کہا پاکستان نئی افغان حکومت کے ساتھ کام کرنے کا خواہش مند ہے انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کے تحفظات کسی بھی طرح سے دور کئے جانے چاہئیں۔


امریکی نائب وزیر خارجہ نے کہا میرے ملک نے علاقائی سلامتی اور استحکام یقینی بنانے کا عزم کررکھا ہے۔